Site icon Tashakur News

کورنگی پولیس کی کارروائی موٹرسائیکل لفٹرز گینگ گرفتار

کراچی (ضلع کورنگی): ضلع کورنگی پولیس نے موٹرسائیکل چوری میں ملوث ایک منظم گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ کورنگی کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بدھ بازار گراؤنڈ، سیکٹر 2/34 کورنگی نمبر 3 میں کی، جہاں سے موٹرسائیکل لفٹرز گینگ کے چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت حاجی وزیر احمد، ماجد حسین، سہیل احمد اور حیدر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران پولیس نے پانچ موٹرسائیکلیں، ایک انجن اور چیسز سمیت متعدد مسروقہ پارٹس برآمد کیے۔ برآمد ہونے والی موٹرسائیکلوں میں مختلف ماڈلز اور رجسٹریشن نمبرز کی گاڑیاں شامل ہیں، جبکہ بعض گاڑیاں مختلف تھانوں کے مقدمات میں چوری شدہ پائی گئیں۔

پولیس کے مطابق ایک موٹرسائیکل تھانہ زمان ٹاؤن کے مقدمہ نمبر 626/26، جبکہ دیگر موٹرسائیکلیں لانڈھی اور زمان ٹاؤن کی حدود سے چوری شدہ تھیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ کورنگی میں مقدمہ نمبر 266/26 درج کر لیا گیا ہے، جس میں دفعہ 411 اور 34 تعزیرات پاکستان شامل ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

Exit mobile version