Tashakur News

آرٹس کونسل کراچی میں امپرووائزڈ تھیٹر کنفیشناٹی پیش ہوا

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اسکول آف ویژول اینڈ پرفارمنگ آرٹس (SOVAPA) کے تحت المنائی سیریز کے سلسلے میں منفرد فی البدیہہ تھیٹر پرفارمنس “CONFESSIONATY” اسٹوڈیو II میں پیش کی گئی، جس نے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

یہ اس سلسلے کا تیسرا تھیٹر تھا، جس کی ہدایت کاری منیب الرحمٰن نے کی۔ پرفارمنس میں علایزہ جاوید، دانیال نعیم، بھرت کمار، ارباز شیخ اور شہزاد نے اپنی شاندار اور بے ساختہ اداکاری کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کیا۔

پروگرام کا بنیادی تصور اس خیال پر مبنی تھا کہ انسان اپنی روزمرہ زندگی میں مختلف نقاب اوڑھتا ہے اور اصل جذبات اکثر چھپے رہ جاتے ہیں۔ گھر، دفتر اور سوشل میڈیا پر پیش کیے جانے والے رویوں کے پیچھے کئی غیر کہی کہانیاں اور احساسات موجود ہوتے ہیں۔

پرفارمنس میں ناظرین نے اپنے گمنام اعترافات اور ذاتی کہانیاں تحریری صورت میں جمع کروائیں، جنہیں فنکاروں نے بغیر کسی اسکرپٹ یا پیشگی تیاری کے فوری طور پر اسٹیج پر تخلیقی انداز میں پیش کیا۔ اس منفرد تجربے نے تھیٹر کو ایک جاندار اور حقیقی وقت کی فنکارانہ شکل میں بدل دیا۔

SOVAPA کے تحت ہونے والی اس امپرووائزڈ پرفارمنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کوئی طے شدہ اسکرپٹ موجود نہیں تھا، بلکہ انسانی جذبات، تجربات اور اعترافات کو فوری تخلیق کے ذریعے اسٹیج پر پیش کیا گیا۔

پرفارمنس کے دوران ناظرین نے خود کو کہانیوں سے جوڑا اور اسے صرف تفریح نہیں بلکہ ایک جذباتی اور فکری تجربہ قرار دیا۔ شرکاء نے فنکاروں کی کارکردگی کو بھرپور سراہا اور تالیاں بجا کر داد دی۔

Exit mobile version