کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث ایک گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے مختلف علاقوں گارڈن، پی آئی بی کالونی اور نیو کراچی میں کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں محمد خان عرف محمد جان، علی محمد، بلاول عرف بلال لاسی، عبد السمیع، احمد رضا عرف اے ڈی اور زین علی شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق مختلف منظم گروہوں سے بتایا جاتا ہے۔
محمد خان، علی محمد اور بلاول کا تعلق جمیل چھانگا گروہ سے بتایا گیا ہے۔
یہ ملزمان مبینہ طور پر زیر تعمیر عمارتوں اور شادی ہالز سے بھتہ وصول کر کے بیرون ملک مقیم سرغنہ کو منتقل کرتے تھے۔
ایک اور ملزم عبد السمیع پر پی آئی بی کالونی میں کاروباری افراد سے بھتہ وصولی کا الزام ہے۔
احمد رضا عرف اے ڈی پر کاروباری معلومات اکٹھی کر کے گروہ تک پہنچانے اور دھمکیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
زین علی پر جہان آباد اور شیر شاہ میں بھتہ خوری اور منشیات فروشی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
حکام کے مطابق گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن پر دیں۔

