Site icon Tashakur News

ٹک ٹاکر نانی والا گرفتار، عدالت سے ضمانت منظور

معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوینسر ندیم مبارک عرف نانی والا کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے دیا۔
جرمنی سے افغانوں کی واپسی پر طالبان کا انکار

پولیس کے مطابق ندیم مبارک عرف نانی والا کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں ٹریفک وارڈن انسپکٹر محمد فاہد الرحمن کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی تھیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹریفک اہلکاروں نے ایک لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے مبینہ طور پر ون وے پر دوڑا دی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے بعد ندیم مبارک کو تھانے منتقل کیا گیا، جبکہ ان کی لگژری گاڑی بھی تحویل میں لے کر تھانہ ڈیفنس سی میں بند کر دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے رات حوالات میں گزاری۔

بعد ازاں ندیم نانی والا کو کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالتی کارروائی کے دوران عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔

سماعت کے دوران یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ ملزم کو عدالت میں ان کی ذاتی گاڑی کے ذریعے پیش کیا گیا، جبکہ تفتیشی افسران بھی اسی گاڑی میں موجود تھے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد ندیم مبارک عرف نانی والا کو قانونی ریلیف مل گیا، جبکہ کیس سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

Exit mobile version