کراچی میں نئے تعینات میونسپل کمشنر صدر عمار خان نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے ساؤتھ زون میں خطرناک اور غیر قانونی بل بورڈز کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساؤتھ کی مختلف شاہراہوں اور عوامی مقامات پر نصب خستہ حال، غیر قانونی اور جان لیوا اشتہاری بورڈز اور ڈائریکشن سائنز کو ہٹانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
میونسپل کمشنر عمار خان نے بھاری مشینری اور متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سرکاری املاک و عوامی مقامات پر لگے اشتہاری ڈھانچوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خطرناک اور غیر قانونی بورڈز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کی ہدایات کے مطابق شہر میں کسی بھی غیر قانونی یا غیر محفوظ اشتہاری ڈھانچے کو برداشت نہیں کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز جیت لی
حکام کے مطابق ہدایات ملتے ہی ٹی ایم سی کا عملہ فوری طور پر متحرک ہوگیا۔ ڈائریکٹر انکروچمنٹ علی اکبر مہر اور ٹی ایم سی انچارج شاہنواز کی نگرانی میں خصوصی ٹیموں نے آپریشن کا آغاز کیا۔
ٹی ایم سی کی جانب سے رات گئے خصوصی نائٹ آپریشن بھی کیا گیا جس میں مختلف مقامات پر خطرناک اور بوسیدہ بل بورڈز کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔ حکام کے مطابق متعدد ایسے ڈھانچے بھی ختم کیے گئے جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے تھے۔
شہری حلقوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے شہر کی خوبصورتی میں بہتری، ٹریفک کی روانی میں آسانی اور عوامی تحفظ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

