Site icon Tashakur News

سندھ میں میٹرک اور انٹر نتائج کی تاریخیں جاری

سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ میٹرک کے نتائج 10 جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کیے جائیں گے۔

شرجیل میمن اور محسن نقوی کی اہم ملاقات

یہ فیصلہ صوبائی وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے بھر میں منعقد ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ تمام تعلیمی بورڈز نے اپنی اپنی ڈویژنوں میں امتحانات کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

محمد اسماعیل راہو نے ہدایت کی کہ امتحانات کے نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو کالجز اور جامعات میں داخلوں کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیں گے۔

بریفنگ کے دوران سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران ناقص کارکردگی دکھانے والی بعض ٹیموں کی ڈیوٹیاں منسوخ کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جانے کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس میں چیئرمین کراچی بورڈ فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کراچی ڈویژن میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔

Exit mobile version