Tashakur News

ڈی آئی جی ایسٹ کا محرم سیکیورٹی اجلاس منعقد

کراچی میں ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت ایامِ محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی پلان اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایس ایس پی ملیر کا محرم سیکیورٹی اجلاس منعقد

اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران، سندھ رینجرز کے نمائندگان، سول انتظامیہ، اہل تشیع علماء کرام، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور اسکاوٹس انجمن کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس، جلوسوں، سبیلوں، ٹریفک مینجمنٹ، روٹس کی نگرانی، حساس مقامات کی سیکیورٹی، پارکنگ، انٹری و ایگزٹ پوائنٹس، لیڈی سرچرز کی دستیابی، بم ڈسپوزل یونٹ کی تعیناتی اور دیگر سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام مجالس و جلوس مقررہ راستوں، وقت اور ضابطہ کار کے مطابق منعقد کیے جائیں اور صرف منظور شدہ پروگرامز کو ہی اجازت دی جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ علماء کرام، زاکرین اور منتظمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد اور فرقہ وارانہ بیانات پر مکمل پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ مواد پھیلانے یا امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں شریک نمائندگان نے پولیس کے اقدامات کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ مختلف تجاویز اور مسائل بھی پیش کیے گئے جن پر فوری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ مرکزی جلوسوں کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل سرویلنس سسٹمز استعمال کیے جائیں گے اور جامع سیکیورٹی پلان ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون سے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اضافی نفری، لیڈی سرچرز اور بم ڈسپوزل یونٹ کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام صبر، برداشت، بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے، اور عوامی تعاون سے تمام پروگرام پرامن ماحول میں منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Exit mobile version