کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تھانہ مومن آباد کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
آئی جی سندھ سی ٹی ڈی اجلاس کارکردگی
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر فرید کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت فیضان ولد مجاہد علی اور حمزہ ولد زیب اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔ مزید یہ کہ ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکل بھی تھانہ شاہرہ نور جہاں کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔
ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ مذکورہ واردات کا مقدمہ الزام نمبر 296/2026 بجرم دفعات 392/397/34 تعزیرات پاکستان تھانہ شاہرہ نور جہاں میں پہلے ہی درج ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مزید مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

