Site icon Tashakur News

وزیر داخلہ سندھ سے چینی قونصل جنرل ملاقات

کراچی: وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار سے چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محرم ٹریفک انتظامات کیلئے کراچی میں اہم اجلاس

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ سندھ نے چینی قونصل جنرل کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون پر مبنی ہے، جبکہ حکومت سندھ پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں مقیم چینی شہریوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چینی قونصل خانے کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔

اس موقع پر چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے حکومت سندھ اور وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ روابط کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وائس قونصل جنرل چین، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ اور وزیر داخلہ سندھ کے کوآرڈینیٹر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ نے چینی قونصل جنرل کو سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔

Exit mobile version