بھارت کی ریاست گجرات میں دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
بجٹ میں پارلیمنٹ فیملی سوٹس کیلئے فنڈز
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ضلع سورت کے قصبے باردولی کے قریب پیش آیا، جہاں مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے زیر انتظام چلنے والی دو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔
پولیس کے مطابق ایک بس سورت سے دھولے جا رہی تھی جبکہ دوسری بس مہاراشٹرا کے چالیس گاؤں سے سورت کی جانب رواں دواں تھی۔ اسی دوران مہاراشٹرا جانے والی ایک بس ایک ٹریکٹر سے ٹکرا گئی، جس کے باعث وہ اپنا توازن کھو بیٹھی اور مخالف سمت سے آنے والی بس سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واقعے میں تقریباً 40 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریاستی حکام نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

