کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور روڈ سیفٹی کے فروغ کے لیے “روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی: حب ریور روڈ حادثہ کیس میں مفرور ڈمپر ڈرائیور گرفتار، شوہر جاں بحق جبکہ خاتون زخمی
ٹریفک پولیس کے مطابق اس یونٹ کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، دورانِ سفر پیش آنے والی مشکلات کا فوری حل اور مؤثر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
یہ روڈ سیفٹی آفیسرز شہر کی اہم شاہراہوں جیسے شاہراہ فیصل، ماڑی پور روڈ، کورنگی روڈ اور شاہراہ لیاقت پر تعینات کیے جائیں گے، جہاں وہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کو متبادل راستوں سے آگاہ کرنے اور بروقت معاونت فراہم کرنے کے فرائض انجام دیں گے۔
یونٹ کے افسران شہریوں کو روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے حوالے سے براہِ راست آگاہی دیں گے تاکہ حادثات میں کمی اور قانون پسندی کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ یہ اقدام جدید اور عوام دوست پولیسنگ کے وژن کے مطابق ہے، جس سے شہریوں کو نہ صرف رہنمائی ملے گی بلکہ وہ ٹریفک پولیس کو ایک معاون ادارے کے طور پر محسوس کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام سے ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری، سڑکوں پر تحفظ میں اضافہ اور شہریوں کے اعتماد کو فروغ ملے گا۔

