گلگت بلتستان: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے فیلڈ مارشل امن کی کوششوں میں کامیاب ہوں، کیونکہ خطے میں امن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اسکولوں پر حملوں کے نتیجے میں بچوں کی شہادت افسوسناک ہے اور اس جنگ کا بوجھ صرف ایک ملک نہیں بلکہ پوری دنیا اٹھا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے ملک بھر میں وسیع دورے کیے ہیں اور گلگت بلتستان کے ہر علاقے میں پہنچے ہیں، تاہم اس بار انتخابی ماحول پہلے سے مختلف ہے۔
انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو ملک کا اہم فلاحی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف تمام سیاسی سازشیں ناکام ہوں گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کو ذوالفقار علی بھٹو نے دفاعی بنیاد فراہم کی جبکہ میزائل پروگرام بے نظیر بھٹو کے دور میں مضبوط ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط کرنا ضروری ہے تاکہ امیر اور غریب کے درمیان بڑھتا ہوا فرق کم کیا جا سکے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے لیے حق ملکیت کے مسئلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی وسائل پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہونا چاہیے، جیسا کہ سندھ میں تھر کول منصوبے کے ذریعے مقامی آبادی کو فائدہ پہنچایا گیا۔
بلاول بھٹو نے سندھ کے ہاؤسنگ منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے بعد لاکھوں گھروں کی تعمیر دنیا کا ایک بڑا ریکارڈ ہے اور یہ گھر خواتین کے نام پر دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کو موقع ملا تو گلگت بلتستان میں صحت اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور عوام کو ان کا حق دیا جائے گا۔

