Site icon Tashakur News

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور مالی امور کی منظوری

cm Murad

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ شکایتی مرکز میں شاہینہ شیر علی کی نگرانی، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات

اجلاس میں صوبے بھر میں پانی اور نکاسیٔ آب کی اسکیموں کے لیے 8.825 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی جبکہ مالی سال 2025-26 کے دوران 16 اے ڈی پی اسکیموں کے لیے بھی اضافی فنڈز جاری کرنے کی توثیق کی گئی۔ کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت 11 بڑے نان اے ڈی پی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن کی مجموعی لاگت 11.198 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔

منصوبوں میں شہر کی اہم سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن شامل ہے جن میں حاجی ابراہیم عیسیٰ روڈ، کورنگی لنک روڈ، میرین ڈرائیو سے منسلک کلفٹن سڑکیں، اسکیم 33 کی سڑکیں، کورنگی کریک ایئربیس روڈ، گلزار ہجری جناح ایونیو اور بلدیہ اسٹیڈیم روڈ منصوبہ شامل ہیں۔ پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی پر پل اور کے فور چورنگی سرجانی ٹاؤن پر فلائی اوور کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے سیہون میں درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ اور اطراف کے علاقوں کی بحالی کے منصوبے کی منظوری بھی دی جس کی ابتدائی لاگت 48 کروڑ 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اجلاس میں رائلٹی گیس کے 12.5 فیصد نظام کی منظوری دی گئی جس سے سندھ کو سالانہ 26 ارب روپے سے زائد اضافی آمدن متوقع ہے۔

اس کے علاوہ صحت، نرسنگ ورک فورس پالیسی 2026-2040، انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے پروکیورمنٹ پلان، اور مختلف قانونی و انتظامی تقرریوں کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفاف استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے لیے فنڈز کی ادائیگیوں، اصلاحات اور ادارہ جاتی بہتری کے اقدامات کی بھی توثیق کی گئی جبکہ کابینہ نے عوامی خدمات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version