Site icon Tashakur News

سندھ محتسب کو 2025 میں 25 ہزار سے زائد شکایات موصول، شہریوں کو 4.29 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا

Screenshot 2026 06 01 172801

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے صوبائی محتسب اعلیٰ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے ملاقات کی اور ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
ملیر میں بیٹے کے ہاتھوں والد قتل، منصوبہ بندی کا انکشاف، ملزم گرفتار

رپورٹ کے مطابق سندھ محتسب کو سال 2025 کے دوران 25 ہزار 217 عوامی شکایات موصول ہوئیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 236 فیصد نمایاں اضافہ ہے۔ صوبائی محتسب نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ شکایات میں اضافہ عوام کے ادارے پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ محتسب سندھ نے 2025 کے دوران 8 ہزار 789 کیسز میں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا، جبکہ ادارے کی مداخلت سے شہریوں کو مجموعی طور پر 4.29 ارب روپے کا مالی فائدہ حاصل ہوا۔ اس عرصے میں 16 ہزار 363 شکایات باقاعدہ تحقیقات کے لیے منظور کی گئیں، 12 ہزار 591 کیسز کے فیصلے کیے گئے اور 12 ہزار 308 کیسز تفصیلی تحقیقات کے بعد نمٹائے گئے۔

صوبائی محتسب کے مطابق 2 ہزار 660 شکایات براہِ راست مداخلت کے ذریعے فوری طور پر حل کی گئیں۔ شکایات کے آن لائن نظام (CMS) کے تحت 7 ہزار 611 سے زائد کیسز درج ہوئے، جس سے شکایات کے اندراج اور ٹریکنگ کے عمل میں آسانی پیدا ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ بھر میں 423 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جبکہ 120 آگاہی سیشنز اور 31 ملین ایس ایم ایس کے ذریعے عوام کو محتسب کی خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ برانڈ ایمبیسیڈر پروگرام کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی، آئی بی اے سکھر، زیبسٹ، ہمدرد یونیورسٹی، سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی، سلیم حبیب یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے طلبہ کو شامل کیا گیا، جبکہ 32 طلبہ کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت عملی تربیت دی گئی۔

صوبائی محتسب نے بتایا کہ خصوصی افراد کے لیے دو مستقل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں اور 5 فیصد کوٹہ سمیت جامع تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کلائمٹ اینڈ ڈیزاسٹر جسٹس یونٹ (CDJU) بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ آفات سے متاثرہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 10 ہزار شکایات لوکل گورنمنٹ اداروں کے خلاف موصول ہوئیں، جبکہ ریونیو، تعلیم، پولیس اور دیگر محکموں کے خلاف بھی بڑی تعداد میں شکایات درج کی گئیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی محتسب کی کارکردگی، اصلاحات اور عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے شفافیت، احتساب اور بہتر سروس ڈیلیوری کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version