کراچی کے علاقے نری گوٹھ، تھانہ بن قاسم کی حدود میں بیٹے کے ہاتھوں والد کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اقبال مارکیٹ پولیس کی کارروائی، ایرانی پیٹرول فروخت کرنے والا ملزم گرفتار
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ایس ایچ او بن قاسم اور پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل معلومات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مقتول لطف علی ولد غلام محمد کے بیٹے عاطف ولد لطف علی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے تیز دھار چھری کے وار کرکے اپنے والد کو شدید زخمی کیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ واقعہ گھریلو تنازع اور لڑائی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ تاہم مزید تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم نے اپنے والد کے قتل کی پیشگی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور عید سے قبل شاہ ٹاؤن سے آلۂ قتل (چھری) خریدی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے حملے کے دوران اپنی جان بچانے اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی، لیکن ملزم نے مسلسل وار کرکے انہیں قتل کر دیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
