ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک کی سربراہی میں کیماڑی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 102 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پولیس کا کریک ڈاؤن، اسلحہ، منشیات اور گٹکا ماوا فروشی میں ملوث متعدد ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران گینگ وار کارندوں اور منشیات فروشوں کے ساتھ دو مختلف پولیس مقابلے بھی ہوئے، جن میں ایک منشیات فروش ہلاک جبکہ دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں 13 اسٹریٹ کریمنلز، 14 منشیات فروش، 11 گٹکا سپلائرز و فروش اور 64 دیگر جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی، جن میں ایک ہینڈ گرنیڈ، 17 غیر قانونی پستول، 6 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 9 کلو چرس، 1359 گرام آئس، 987 گرام افیون، 70 کلو گٹکا ماوا اور 956 کلو چھالیہ شامل ہے۔
کیماڑی پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکے۔

