پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان عالمی امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں گزشتہ چھ دہائیوں سے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
کراچی پورٹ کے قریب دو جہازوں میں تصادم، ایک کنٹینر سمندر میں گر گیا
آئی ایس پی آر نے بین الاقوامی یومِ اقوام متحدہ امن فوجیوں 2026 کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ’’بلیو ہیلمٹ‘‘ امن دستے عالمی امن کے لیے بے مثال قربانیاں اور خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی امن فوجی مختلف ممالک میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 183 اہلکار عالمی امن کے مشن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی امن دستے اس وقت کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ سمیت خطرناک اور غیر مستحکم علاقوں میں تعینات ہیں، جہاں وہ نہ صرف سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ انسانی ہمدردی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ دور کے امن مشنز کو سائبر خطرات، غلط معلومات، سیاسی عدم استحکام اور ماحولیاتی بحران جیسے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 2026 کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری کریں‘‘ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا کو ردعمل کے بجائے پیشگی اقدامات اور مضبوط امن ڈھانچے کی طرف بڑھنا ہوگا۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حکومت اور مسلح افواج اقوام متحدہ کے امن مشنز کے مقاصد کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گی۔

