امریکی نائب صدر J. D. Vance کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ابھی حتمی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکے ہیں۔
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کا ایران امریکا جنگ ختم کرنے کا مطالبہ
واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے معاہدے پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند اہم نکات پر بات چیت جاری ہے جبکہ امریکی صدر Donald Trump ابھی معاہدے کی حتمی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ مزید پیش رفت کے بعد صدر ٹرمپ معاہدے کی توثیق کی پوزیشن میں ہوں گے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا اس پوزیشن میں ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کو مزید پیچھے دھکیل سکے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر کب دستخط کریں گے۔
اس سے قبل امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے آغاز کے لیے 60 روزہ مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال اس مفاہمتی یادداشت کی حتمی منظوری نہیں دی، تاہم اگر اس پر دستخط ہو جاتے ہیں تو یہ جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑی سفارتی پیش رفت تصور کی جائے گی۔

