Site icon Tashakur News

وقوفِ عرفہ کیلئے لاکھوں حجاج میدانِ عرفات میں جمع، روح پرور مناظر

41418 MaidaneArafatPhotoExpress 1351201570 600x450 1

مقدس فریضۂ حج کے اہم ترین رکن ’’وقوفِ عرفہ‘‘ کی ادائیگی کیلئے دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام آج میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے، جہاں حجاج کرام دعاؤں، عبادات اور توبہ و استغفار میں مصروف رہیں گے۔

سندھ پولیس اور لیگل ایڈ سوسائٹی کے درمیان خواتین و بچوں کے تحفظ کیلئے اہم معاہدہ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مکہ مکرمہ سے حجاج کرام قافلوں کی صورت میں منیٰ پہنچے جہاں انہوں نے نمازِ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کیں۔ عازمینِ حج نے منیٰ میں رات بھر عبادات، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآن پاک میں گزاری جبکہ ہر طرف ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کی روح پرور صدائیں گونجتی رہیں۔

9 ذوالحجہ کو مسجد نمرہ سے خطبۂ حج دیا جائے گا جسے دنیا بھر میں براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ اس موقع پر حجاج کرام میدانِ عرفات میں ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔

وقوفِ عرفہ کو حج کا سب سے اہم رکن قرار دیا جاتا ہے اور اس موقع پر حجاج غروبِ آفتاب تک عبادات، دعاؤں اور استغفار میں مشغول رہیں گے۔

غروبِ آفتاب کے بعد عازمینِ حج مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے شب بیداری کریں گے۔ مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی جبکہ جمرات کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں بھی جمع کی جائیں گی۔

10 ذوالحجہ کو حجاج دوبارہ منیٰ پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیا جائے گا جبکہ بعد ازاں مسجد الحرام میں طوافِ زیارت ادا کیا جائے گا۔

سعودی حکومت نے شدید گرمی اور گردوغبار کے خدشات کے پیش نظر حجاج کرام کے تحفظ اور سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ میدانِ عرفات، منیٰ اور مزدلفہ میں سایہ دار شیڈز، جدید کولنگ سسٹمز، پانی کی پھوار اور خصوصی راہداریاں قائم کی گئی ہیں تاکہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

Exit mobile version