Site icon Tashakur News

سندھ میں ریبیز کے خلاف بڑا فیصلہ، صوبہ بھر میں اینٹی ریبیز مہم شروع کرنے کا اعلان

Screenshot 2026 05 25 142215

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ریبیز سے بچاؤ سے متعلق اہم اجلاس میں صوبہ بھر میں اینٹی ریبیز مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رینجرز اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری صحت سمیت محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ ریبیز ایک خطرناک مگر قابلِ تدارک بیماری ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہری کو ویکسین یا بروقت علاج نہ ملنے کے باعث جان سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ بھر میں 278 ریبیز پریوینشن یونٹس قائم ہیں جبکہ 112 ریفرل سینٹرز فعال ہیں، جہاں اینٹی ریبیز ویکسین اور RIG چوبیس گھنٹے دستیاب ہوگی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں سندھ میں 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ جنوری تا اپریل 2026 کے دوران 85 ہزار 891 کیسز سامنے آئے۔

محکمہ صحت کے مطابق 20 اضلاع میں آوارہ کتوں کی نس بندی اور ویکسینیشن مہم جاری ہے، اب تک 25 ہزار 500 سے زائد کتوں کی نس بندی اور 36 ہزار 900 سے زائد کتوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 63 ہزار سے زائد مریضوں کو اینٹی ریبیز ویکسین جبکہ 8 ہزار 700 سے زائد کو eRIG علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ علاج، ویکسین اور سہولیات کی مسلسل دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی مریض کو محروم نہ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی، میڈیا اور سول سوسائٹی کی شمولیت کے بغیر اس مہم کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا۔

اجلاس میں اے آر وی پیشنٹ ٹریکنگ سسٹم کو سراہا گیا، جو ڈاگ بائٹ کیسز، ویکسینیشن اور فالو اپ خوراکوں کی حقیقی وقت میں نگرانی کرے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوامی شعور ہی ریبیز کے خلاف سب سے مضبوط دفاع ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے بروقت علاج ممکن بنایا جا رہا ہے۔

Exit mobile version