پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر پی آئی بی کالونی میں بھتہ وصولی میں ملوث گروہ کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈکیتی مزاحمت کیس میں ملزم کو 14 سال قید، عدالت کا فیصلہ
کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی، جس پر جوابی کارروائی میں دو انتہائی مطلوب ملزمان عبداللہ اور عبدالسمیع زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ تین ملزمان حمید عرف خلیفہ، عبید عرف گجی اور خدا بخش عرف سنی کو بلا ضمانت حراست میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان احمد علی مگسی اور وقاص گروہ سے وابستہ ہیں، جو گرفتاری کے خوف سے روپوش رہتے ہوئے پی آئی بی کالونی اور اطراف کے علاقوں میں بھتہ وصولی کا منظم نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
ملزمان فیکٹری مالکان، نجی بلڈرز اور کاروباری افراد سے بھتہ طلب کرنے، دھمکی آمیز کالز کرنے اور فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد عادی مجرم ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

