Site icon Tashakur News

شاہراہِ بھٹو پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ، وزیر داخلہ سندھ کا اہم اجلاس

Screenshot 2026 05 23 224950

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت شاہراہِ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے) کی سیکیورٹی، ٹریفک اور ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں ریکارڈ خریداری، ڈیڑھ لاکھ سے زائد جانور فروخت

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ہائی ویز، ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی پی پی یونٹ، ایس ایس پی ملیر اور کورنگی سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

وزیر داخلہ سندھ نے شاہراہِ بھٹو پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر پولیس نفری تعینات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹول پلازوں پر نجی سیکیورٹی کی واضح موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور گاڑیوں کی رفتار کی نگرانی کے لیے اسپیڈ گنز نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم عوامی منصوبہ ہے، جہاں شہریوں کو محفوظ، آسان اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے ریسکیو 1122 کو شاہراہ پر ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور ہائی وے ایمرجنسی ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی جبکہ سیف سٹی منصوبے کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی فوری فعالیت اور مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں ہائی وے پٹرول پولیس کو شاہراہ پر مؤثر گشت برقرار رکھنے، شہریوں کی رہنمائی کے لیے مناسب ٹریفک سائن بورڈز نصب کرنے اور تمام آپریشنل خامیوں کے خاتمے کے لیے فوری ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی Bilawal Bhutto Zardari نے 39.7 کلومیٹر طویل شاہراہِ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے) کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد ایکسپریس وے مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے۔

Exit mobile version