منگھوپیر کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، مشتعل علاقہ مکینوں نے نیو ناظم آباد کے گھروں پر پتھراؤ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
سوشل میڈیا کے ذریعے لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کرنے والا مبینہ سیریل ریپسٹ گرفتار
اطلاعات کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی کارروائی کے خلاف بعض افراد نے احتجاج کرتے ہوئے قریبی رہائشی علاقے نیو ناظم آباد کا رخ کیا اور گھروں پر پتھراؤ شروع کردیا۔ پتھراؤ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کئی گھروں کی کھڑکیوں اور شیشوں کو نقصان پہنچا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اچانک ہونے والے پتھراؤ سے خواتین اور بچے شدید خوفزدہ ہوگئے۔ متاثرہ افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور علاقے کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری علاقے میں طلب کرلی گئی جبکہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

