Tashakur News

کراچی میں اسمگل شدہ چھالیہ اور بھارتی گٹکا کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 4 ملزمان گرفتار

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیاء کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ تھانہ عزیز آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ چھالیہ اور بھارتی گٹکا برآمد کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کی کوشش ناکام، مشکوک مسافر کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر کی جانے والی کارروائی میں گرفتار ملزمان کی شناخت طارق خان، کاشف علی، علی محمد کھوسو اور راشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تقریباً 250 کلوگرام وزنی 20 بوریاں چھالیہ اور 416 پیکٹس بھارتی اسمگل شدہ آداب گٹکا برآمد کیا گیا، جن میں تقریباً 41 ہزار 600 پڑیاں شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی ممنوعہ اشیاء کی مالیت 15 سے 18 لاکھ روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اسمگل شدہ اور ممنوعہ اشیاء کی سپلائی کے منظم نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی، جس پر بلوچستان حکومت کی جعلی نمبر پلیٹ نصب تھی۔ جعلی نمبر پلیٹ اور گاڑی کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جاسکے۔

تھانہ عزیز آباد پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ شہر میں ممنوعہ اشیاء کی سپلائی میں ملوث دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

WhatsApp Image 2026 05 23 at 9.32.11 PM

Exit mobile version