Site icon Tashakur News

رینجرز اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خوری میں ملوث مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار

Screenshot 2026 05 23 172911

کراچی میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف پاکستان رینجرز (سندھ) اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی سے بھتہ خوری میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم زاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

صدر ٹاؤن میں تجاوزات مافیا کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایس آئی یو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھتہ وصولی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ نے بھتہ وصولی کے لیے ایک خاتون کو بھی شامل کر رکھا تھا تاکہ اپنی شناخت چھپائی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان بھتے کی پرچیاں تقسیم کرنے کے دوران برقع پوش خاتون کا استعمال کرتے تھے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلایا جاتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ملزم اور اس کے ساتھیوں نے نیو کراچی کے علاقے میں صادق ٹریڈرز اور حیدر آبادی سویٹس اینڈ بیکرز کو بھتے کی پرچیاں دی تھیں، جن کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے شروع کر دیے ہیں جبکہ تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

پاکستان رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا بھتہ خوری سے متعلق اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔ حکام کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔

Exit mobile version