سندھ کابینہ نے کراچی میں جاری بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ 2 منصوبے کی تعمیراتی رفتار تیز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کی اہم سمری منظور کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاٹ 2 منصوبے میں تاخیر کے باعث سابق جوائنٹ وینچر معاہدہ ختم کیا جائے گا، جبکہ ناقص کارکردگی اور سست رفتاری کے باعث پرانا کنٹریکٹ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کی ذمہ داری اب ہنگامی بنیادوں پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (Frontier Works Organisation) کے سپرد کر دی گئی ہے، جسے براہِ راست معاہدے اور G2G بنیادوں پر کام دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ نمائش چورنگی سے موسمیات تک 12.85 کلومیٹر طویل حصے پر مشتمل ہے۔
کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او نے منصوبے پر عملہ اور بھاری مشینری تعینات کر دی ہے تاکہ تعمیراتی کام میں فوری رفتار لائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیراتی کام 90 روز کے اندر مکمل کیا جائے اور مکسڈ ٹریفک لینز جلد از جلد فعال کیے جائیں۔ انہوں نے انڈر پاسز، بلند ڈھانچوں اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیر بھی تیز کرنے کی ہدایت دی۔
مزید یہ بھی بتایا گیا کہ سندھ کابینہ نے ٹرانس کراچی کو آف بجٹ ہنگامی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ منصوبے کی مالی ضروریات فوری طور پر پوری کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ مکمل ہونے کے بعد شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔

