امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے جواب کا چند روز تک انتظار کرے گا اور جب تک ایران کے ساتھ معاہدہ نہیں ہوتا، تہران کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میں آج تیز سمندری ہواؤں کا امکان، موسم گرم رہے گا
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو ایران سے “درست جواب” درکار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن ایرانی رہنماؤں سے امریکا کا رابطہ ہے وہ معقول لوگ ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران معاہدہ کرنے کے لیے بےتاب ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہ ہوئی تو امریکا دوبارہ حملہ بھی کرسکتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے عوام شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور ملک کے اندر غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ کو ابھی صرف تین ماہ ہوئے ہیں، جن میں زیادہ وقت جنگ بندی کا رہا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا لیکن انہیں اس معاملے میں کوئی جلدی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیش رفت دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے فون پر اچھی گفتگو ہوئی ہے۔
کیوبا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہاں کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور امریکا کو کیوبا کے عوام کی مدد کرنا ہوگی۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کی جانب سے نئی تجاویز موصول ہوئی ہیں جن کا ایران جائزہ لے رہا ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایران میں موجود ہیں، جبکہ ایران کے 14 نکات کی بنیاد پر امریکا کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔

