Site icon Tashakur News

پاک چین دوستی ہر دور میں مضبوط رہی، سی پیک نے ترقی میں اہم کردار ادا کیا: وزیراعظم شہباز شریف

434466 3999930 updates

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ اور صنعتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
Thursday, 21st May 2026

پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی اور معاشی تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابلِ تقلید ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ ایک مضبوط “ہرموسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری” میں تبدیل ہو چکی ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کے حامل ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، چینی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت اور مختلف شعبوں میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم نے “ایک چین” پالیسی پر پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔

شہباز شریف کے مطابق چین نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات کے حصول میں ہمیشہ بھرپور تعاون کیا، جبکہ سی پیک منصوبہ ملک میں انفراسٹرکچر، توانائی اور صنعتی شعبے کی بہتری میں سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین عالمی سطح پر کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی آنے والی نسلوں کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔

Exit mobile version