راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ورکشاپ میں الغزالی یونیورسٹی کے چانسلر مفتی عبد الرحیم نے ملک بھر کی 200 سے زائد جامعات کے وائس چانسلرز، ڈینز، رجسٹرارز اور سینئر پروفیسرز کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق نشست میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اہم قومی و سماجی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں ریاست سے محبت، وفاداری اور راز داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد کسی گروہ یا فرقے کو خود ہتھیار اٹھانے کی اسلام اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے نو اور دس مئی کی حالیہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری قوت کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنے وطن اور افواجِ پاکستان سے بے پناہ محبت کرنی چاہیے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہی کی بدولت پاکستان کو عزت عطا فرمائی ہے۔

