کراچی: ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں، گٹکا ماوا سپلائرز اور سٹے بازی میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کمپلینٹ سیل متحرک، وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے شہری شکایات سن لیں
تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے پہلی کارروائی میں منشیات فروش ریاض احمد بٹ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 525 گرام چرس اور نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔
اسی تھانے کی دوسری کارروائی میں ملزم میر ملک کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 505 گرام چرس، نقد رقم اور آئی فون برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی نارکوٹکس مقدمات میں ملوث رہا ہے۔
تیسری کارروائی میں پولیس نے گٹکا ماوا فروش اور مطلوب ملزم عادل علی کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے 40 پیکٹ گٹکا ماوا اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
تھانہ عزیز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان امان اللہ اور مصطفیٰ خان کو گرفتار کرکے سٹہ پرچیاں اور نقد رقم برآمد کرلی، جبکہ ان کے خلاف گیمبلنگ آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تھانہ رضویہ پولیس نے پہلی کارروائی میں منشیات فروش اور مطلوب ملزم عابد عرف ابلا کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے کرسٹل آئس کی 17 پڑیاں برآمد کرلیں۔
رضویہ پولیس کی دوسری کارروائی میں گٹکا ماوا فروش عمران کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس کا ساتھی عمران عرف مانو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 65 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تھانہ جوہرآباد پولیس نے دو منشیات فروش ملزمان عامر اور کاشف کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 100 گرام چرس، نقد رقم اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق برآمد شدہ موٹر سائیکل سرقہ کے مقدمے میں مطلوب تھی، جسے اے وی ایل سی کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

