کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سی ایم ہاؤس کمپلینٹ سیل میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے عوامی شکایات سنیں۔
کراچی میں ہیوی ٹریفک کے لیے جدید ٹرمینل بنانے کا فیصلہ، ای وی ٹیکسی اور 500 نئی بسوں کی منظوری
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے فون پر شہریوں سے رابطہ کرکے پولیس، بلدیات، واٹر اینڈ سیوریج، ریونیو، صحت، تعلیم، بجلی اور گیس سے متعلق مسائل سنے۔
شہریوں کی شکایات پر ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی، جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔
وزیر داخلہ سندھ نے واٹر اینڈ سیوریج، بلدیاتی اور ریونیو حکام کو شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سندھ کابینہ کے اراکین روزانہ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں عوامی مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی ترجیح ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ پبلک کمپلینٹ سیل عوامی شکایات کے ازالے میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سی ایم پبلک کمپلینٹ سیل کے ٹول فری نمبر 080091915 جبکہ 02199202047، 02199207349 اور 02199207568 پر عوامی نمائندے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

