Site icon Tashakur News

بھارتی آرمی چیف کا بیان خطے کے امن کیلئے خطرناک ہے، بلوچستان پاکستان کی طاقت کا مضبوط قلعہ ہے: چنگیز حسین خان

WhatsApp Image 2026 05 19 at 8.07.37 PM

کراچی: چنگیز حسین خان نے بھارتی آرمی چیف اپیندر دوویدی کے حالیہ بیان کو اشتعال انگیز اور سفارتی آداب کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔

ماڑیپور میں پولیس مقابلہ، دو زخمی ڈاکو گرفتار، اسلحہ اور موبائل فونز برآمد

بلوچستان کونسل آن فارن ریلیشنز (BCFR) اور ٹیم بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری سے متعلق دھمکی آمیز بیانات خطے میں امن و استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں اور یہ نئی دہلی کی پاکستان مخالف پالیسیوں کا عکاس ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی آرمی چیف کا یہ بیان کہ پاکستان کو “جغرافیہ اور تاریخ” میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، تاریخ اور خطے کے زمینی حقائق سے لاعلمی ظاہر کرتا ہے۔ چنگیز حسین خان کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی اہمیت ایک ناقابل تردید حقیقت ہے، جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبے بلوچستان اور پاکستان کو علاقائی تجارت اور اقتصادی روابط کا اہم مرکز بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں، خودداری اور دفاع وطن سے عبارت ہے، اور پاکستانی عوام و مسلح افواج نے ہمیشہ ملکی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق بلوچستان پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کا مضبوط ترین قلعہ ہے اور وہاں کے عوام ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چنگیز حسین خان نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور پراکسی جنگ کو ناکام بنانے کیلئے سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ممالک کے درمیان اس نوعیت کی بیان بازی علاقائی کشیدگی کو بڑھا سکتی ہے، اس لیے بھارتی قیادت کو ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہیے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔

اعلامیے کے اختتام پر کہا گیا کہ پاکستان کا وجود دنیا کے نقشے پر مستقل، محفوظ اور ناقابلِ متزلزل حقیقت ہے اور پاکستان آرمی ملکی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

Exit mobile version