Site icon Tashakur News

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کو سزائے موت، 30 سال قید اور 24 لاکھ جرمانے کی سزا

434355 2388162 updates

اسلام آباد: ثنا یوسف قتل کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی۔

انمول عرف پنکی کا منشیات نیٹ ورک بے نقاب، معروف آن لائن برانڈ کے نام پر آئس سپلائی کرنے کا انکشاف

ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا، جس کے بعد عدالت نے عمر حیات کو قتل کے جرم میں سزائے موت کا حکم دیا۔

عدالت نے ملزم کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 30 سال قید اور 24 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ فیصلے کے مطابق ڈکیتی اور گھر میں داخل ہونے کی دفعات کے تحت بھی ملزم کو 10، 10 سال قید کی الگ الگ سزائیں دی گئیں۔

سماعت کے دوران عدالت میں ملزم کی کال ریکارڈز اور چیٹ کے اسکرین شاٹس بطور شواہد پیش کیے گئے۔ مدعی کے وکیل نے عدالت سے ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کے دوران انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے اور ملزم نے ٹرائل کورٹ اور اسٹیٹ کونسل پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا تھا۔ وکیل نے عدالت سے کہا کہ مقدمے کو سماجی دباؤ یا عوامی ردعمل کے تناظر میں نہ دیکھا جائے۔

سماعت کے دوران جج افضل مجوکہ نے بعض ریمارکس پر ملزم کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں ملزم عمر حیات نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقتولہ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور اس نے قتل کا اعتراف نہیں کیا۔ تاہم پراسیکیوشن کی جانب سے موبائل فارنزک اور دیگر شواہد عدالت میں پیش کیے گئے۔

یاد رہے کہ ثنا یوسف کو 2 جون 2025 کو اسلام آباد میں ان کے گھر میں قتل کیا گیا تھا جبکہ ملزم عمر حیات کو اگلے روز جڑانوالہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Exit mobile version