آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایوان ہائے صنعت و تجارت کراچی (KCCI) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں تاجربرادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سین ڈیاگو اسلامک سینٹر میں فائرنگ، محافظ جاں بحق، متعدد افراد زخمی، حملہ آور بھی ہلاک
تقریب میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان حنیف، سابق صدر زبیر موتی والا، سینئر وائس پریذیڈنٹ محمد رضا، وائس پریذیڈنٹ محمد عارف لاکھانی، دیگر عہدیداران، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی سٹی اور ایس ایس پی میڈیا و پبلک ریلیشنز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر تاجر برادری نے صوبے بالخصوص کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بہتری، کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئی جی سندھ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تاجروں نے شہر میں ٹریفک مسائل، انکروچمنٹ، اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے رجحان سمیت دیگر مسائل بھی اجاگر کیے۔
آئی جی سندھ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اور تاجر برادری کے درمیان ہمیشہ بہترین تعاون رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کا قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں پولیس کی بڑی کامیابی ہے، جس میں شہداء کی قربانیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے جبکہ شہر کی رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق کراچی پولیس کی قیادت میں جرائم کے خلاف اقدامات مؤثر انداز میں جاری ہیں۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ اندرون سندھ کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف “آپریشن نجات مہران” کے تحت کامیاب کارروائیاں کی گئیں، جبکہ حکومت سندھ کے تعاون سے ہائی ویز کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنڈر پالیسی کے تحت مزید جانی نقصان سے بچنے کے اقدامات کیے گئے ہیں اور اب کسی بھی علاقے میں نو گو ایریا موجود نہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کچے کے علاقوں میں اسکولز، پولیس چوکیاں، ویٹرنری اسپتال اور دیگر سہولیات پر مشتمل ترقیاتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ میں 1000 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ بغیر نمبر پلیٹس اور ٹیمپرنگ شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہیوی گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کے بعد ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے قائم دو اعلیٰ سطحی کمیٹیوں میں کراچی چیمبر کی نمائندگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف نے آئی جی سندھ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
