میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اربن فارسٹ منصوبہ شہر قائد میں فضائی آلودگی کم کرنے اور ماحولیات کی بہتری کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
بشریٰ بی بی کی بیٹی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا امکان، بیک چینل رابطے متحرک
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو پر اب تک 10 ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربن فارسٹ کا یہ منصوبہ کراچی کو سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کیلئے شجرکاری مہم کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو پر نیم، گل مہر اور دیگر مقامی اقسام کے درخت لگائے جائیں گے جبکہ شجرکاری منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی میں آکسیجن لیول بہتر بنانے اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی گرین زونز کے قیام میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ساتھ دیں اور صدقہ جاریہ کے طور پر پودے لگائیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دو ماہ قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ پارکس نے شاہراہ بھٹو کے اطراف گرین زون بنانے کے منصوبے پر کام شروع کیا تھا، جبکہ شہر کے ساتوں اضلاع میں بھی گرین زونز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں نیم کے درخت لگانے کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بلوچ کالونی ایکسپریس وے، کورنگی کازوے اور تاج حیدر برج سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

