Site icon Tashakur News

بشریٰ بی بی کی بیٹی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کا امکان، بیک چینل رابطے متحرک

434321 7971461 updates

اہم پیشرفت میں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کو جلد اڈیالہ جیل میں اپنی والدہ سے ملاقات کی اجازت دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت پس پردہ رابطوں اور اعتماد سازی کی کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کا مقصد فیملی ملاقاتوں سے متعلق کشیدگی میں کمی لانا ہے۔
سلہٹ ٹیسٹ: بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 437 رنز کا ہدف دے دیا

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رسمی ذرائع کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں اور قوی امکان ہے کہ جلد ملاقات ممکن بنائی جا سکے گی۔ اس سے قبل بھی بشریٰ بی بی کی بیٹی کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی، تاہم بعد میں ملاقات سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مزید ملاقاتوں میں مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق حکام نے ملاقات کی تفصیلات منظرِ عام پر آنے کو طے شدہ مفاہمت کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، کیونکہ غیر رسمی طور پر یہ اتفاق کیا گیا تھا کہ ایسی ملاقاتوں کو عوامی سطح پر زیر بحث نہیں لایا جائے گا۔

ادھر عمران خان کی بہنوں کی ان سے ملاقات کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پیشرفت کا انحصار اس بات پر ہوسکتا ہے کہ اہلِ خانہ تحریری یقین دہانی کرائیں کہ وہ ملاقاتوں سے متعلق عوامی بیانات سے گریز کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ سہیل آفریدی کے حالیہ بیانات پر پاکستان تحریک انصاف کو تحفظات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ یہ تحفظات مبینہ طور پر پشین میں ایک عوامی اجتماع اور 14 مئی کو خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات کے دوران دیے گئے بیانات کے بعد سامنے آئے۔

ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ سہیل آفریدی کے بعض بیانات کو براہِ راست فوج پر تنقید تصور کیا گیا، جس کے باعث سرکاری حلقوں میں تشویش پائی گئی۔ بعد ازاں یہ تحفظات پی ٹی آئی قیادت تک بھی پہنچائے گئے۔

ایک ذریعے نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ بیرسٹر گوہر علی خان کے سامنے بھی اٹھایا گیا، جنہوں نے مبینہ طور پر یقین دہانی کرائی کہ اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ تاہم دی نیوز سے رابطہ کرنے پر بیرسٹر گوہر علی خان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی ممکنہ ملاقات کو بعض حلقے سیاسی کشیدگی میں کمی اور اعتماد سازی کے عمل کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔

Exit mobile version