کراچی (18 مئی 2026): نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پاور ہاؤس سروس روڈ کی ازسرِ نو تعمیر اور تزئین و آرائش کے بعد افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ پاور ہاؤس سروس روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکٹر اے 11 نارتھ کراچی میں پیور بلاکس سے تعمیر شدہ روڈ جبکہ سیکٹر فائیو سی فور رحمانیہ کمیونٹی کلسٹر میں نئی تعمیر شدہ گلی کا بھی افتتاح کیا گیا۔
تقریب میں ٹاؤن افسران، بلدیاتی نمائندوں، علاقہ مکینوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل جماعت اسلامی کی اولین ترجیح ہے اور محدود وسائل کے باوجود شہری مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جا رہا ہے اور ماضی میں نظر انداز کیے گئے علاقوں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی شکل میں عوام کے سامنے موجود ہے۔ ان کے مطابق ٹوٹی سڑکوں اور خراب انفراسٹرکچر کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے بلدیاتی ادارے دیانتداری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر محض تعمیراتی کام نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر ماحول، صاف راستے اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر یونین کمیٹی میں یکساں ترقیاتی کام یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی علاقے کو محرومی کا احساس نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوامی خدمت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
