ضلع کیماڑی پولیس نے بلوچستان سے اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ پاور بینکس برآمد کرلیے جبکہ دو ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم گروہ بے نقاب، پانچ ملزمان گرفتار، موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد
پولیس کے مطابق تھانہ سائیٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر رات گئے حب ریور روڈ پر کارروائی کی، جہاں ایک مشکوک کار کی تلاشی کے دوران 5 کارٹنوں میں چھپائے گئے 220 عدد اسمگل شدہ پاور بینکس برآمد ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ پاور بینکس بلوچستان کے راستے کراچی اسمگل کیے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران اسمگلنگ میں ملوث نقیب اللہ اور عمیر احمد کو دفعہ 54 ضابطہ فوجداری کے تحت حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو دفعہ 550 ضابطہ فوجداری کے تحت تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا ہے۔
ضلع کیماڑی پولیس کے مطابق حب ریور کے راستے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مزید سخت کردی گئی ہیں تاکہ غیر قانونی تجارت میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

