ایسٹ زون پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ایک پانچ رکنی گروہ کو کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، جو وارداتوں کے بعد موبائل فونز کے لاک توڑنے اور IMEI نمبر تبدیل کرنے میں بھی مہارت رکھتا تھا۔
حافظ نعیم الرحمن وفاقی آئینی عدالت پہنچ گئے، مہنگے پٹرول اور ٹیکسوں کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا اعلان
پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں عبداللہ شاہ غازی گوٹھ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران پانچ ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں علی رضا، محمد ذاکر، محمد عاصم، عزادار علی شاہ اور محمد ایوب شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ اور ایک درجن سے زائد چھینے اور سرقہ شدہ موبائل فونز برآمد کیے۔ برآمد ہونے والے موبائل فونز میں ایک ریڈمی فون بھی شامل ہے جو شر گوٹھ کے علاقے سے چھینا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ الزام نمبر 1874/25 دفعہ 397/34 تعزیرات پاکستان کے تحت تھانہ سچل میں پہلے ہی درج تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان وارداتوں کے بعد موبائل فونز کے لاک کھول کر IMEI نمبر تبدیل کرتے تھے تاکہ سراغ لگانا مشکل ہو جائے۔
مزید تفتیش کے دوران ملزمان نے گزشتہ ایک ماہ میں درجنوں موبائل فونز اور نقدی چھیننے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کو مزید وسعت دے دی ہے۔

