کراچی: ایسٹ زون میں تھانہ زمان ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل گینگ کے چار کارندوں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے اسلحہ، چھینی اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کا اعلان، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد عزیر ولد محمد الیاس، حماد ولد نجم اللہ، باسط ولد محمد عارف اور شہزاد ولد دل محمد شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے دو 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، ایک نائن ایم ایم پستول، دو موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں میں ایک موٹر سائیکل نمبر KEI-4538 شامل ہے جو تھانہ لانڈھی میں درج چوری کے مقدمہ (نمبر 265/2026، دفعہ 381-A PPC) میں مطلوب تھی، جبکہ دوسری موٹر سائیکل نمبر KKC-0398 چھینی ہوئی پائی گئی جو تھانہ زمان ٹاؤن میں درج مقدمہ (نمبر 504/2026، دفعہ 397/34 PPC) کا حصہ ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت تین الگ مقدمات (نمبر 545/2026، 546/2026 اور 547/2026) بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ مزید نیٹ ورک اور ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے شعبہ انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا ہے۔

