کراچی: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے جعلی سرکاری نمائندے بن کر سرکاری لوگو اور قومی نشان کے غیر قانونی استعمال میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ٹیپو سلطان پولیس کی کارروائی، گٹکا ماوا فروشی میں ملوث ملزم گرفتار
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان احتشام راؤ اور شمائلہ خان “نیشنل پیس فورس کمیٹی فار انٹرفیتھ ہارمونی پاکستان (NPFCIH)” کے نام پر خود کو حکومتی نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان واٹس ایپ پیغامات اور وزٹنگ کارڈز کے ذریعے خود کو سرکاری افسران اور حکومتی نمائندوں کے طور پر پیش کرتے ہوئے ایف آئی اے افسران تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
دورانِ انکوائری ملزمان اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی قانونی اختیار، سرکاری نوٹیفکیشن یا مجاز دستاویز پیش نہ کرسکے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے کے دوران جعلی دستاویزات، ممبرشپ کارڈز اور حکومتِ پاکستان کے قومی نشان والے جعلی نوٹیفکیشنز برآمد کیے گئے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کے نام، لوگو اور قومی نشان کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

