کراچی: محکمہ بلدیات سندھ میں مبینہ جعلی بھرتیوں اور غیر قانونی ترقیوں کے انکشافات کے بعد سندھ حکومت نے کراچی کے تمام 25 ٹاؤنز کے ملازمین کی بھرتیوں اور ترقیوں کی جامع اسکروٹنی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ پولیس ماؤنٹینئرنگ ٹیم کے قیام کیلئے ٹرائلز مکمل، 25 اہلکار شارٹ لسٹ
ذرائع کے مطابق حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں “SAP” سسٹم کے ذریعے جاری کرنے سے قبل ان کے سروس پروفائل اور ریکارڈ کی مکمل تصدیق لازمی ہوگی۔
اس سلسلے میں تمام ٹاؤنز کے ڈائریکٹرز ہیومن ریسورس مینجمنٹ (HRM) کو ملازمین کے مکمل سروس ریکارڈ کے ہمراہ مقررہ تاریخوں پر طلب کر لیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق ابراہیم حیدری، ملیر اور گڈاپ ٹاؤن کے ملازمین کی تصدیق 18 مئی کو کی جائے گی، جبکہ نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، ناظم آباد اور لیاقت آباد ٹاؤنز کی اسکروٹنی 19 اور 20 مئی کو ہوگی۔
اسی طرح منگھوپیر، اورنگی اور مومن آباد ٹاؤنز کا ریکارڈ 21 مئی اور یکم جون کو چیک کیا جائے گا، جبکہ ماڈل کالونی اور شاہ فیصل ٹاؤن کے ملازمین کی تصدیق 2 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
کورنگی اور لانڈھی ٹاؤنز کے لیے 3 جون، جبکہ ماڑی پور، مورو میربحر اور بلدیہ ٹاؤنز کے لیے 4 اور 8 جون کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔
سہراب گوٹھ، صفورہ اور گلشنِ اقبال ٹاؤنز کے ملازمین کی تصدیق 9 اور 10 جون کو ہوگی، جبکہ جناح، چنیسر، صدر اور لیاری ٹاؤنز کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال 11 سے 15 جون کے درمیان مکمل کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اسکروٹنی کا مقصد جعلی بھرتیوں، غیر قانونی ترقیوں اور تنخواہوں کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ سرکاری نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

