Site icon Tashakur News

ضلع وسطی میں عید الاضحیٰ انتظامات کے لیے اجلاس، صفائی و آلائشوں کے بروقت اخراج کے سخت احکامات جاری

WhatsApp Image 2026 05 15 at 7.42.43 PM

کراچی: ڈپٹی کمشنر آفس ضلع وسطی میں عید الاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عید کے دنوں میں صفائی، آلائشوں کے بروقت اخراج اور شہری سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

نارتھ کراچی 4K چورنگی پر بجلی و پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج، ٹریفک نظام درہم برہم

اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عاصم عباسی نے کی۔ اجلاس میں پانچوں ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے افسران، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عاصم عباسی نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے دوران پیدا ہونے والے اضافی کچرے کے پیش نظر تمام ٹاؤنز میں مناسب تعداد میں عملہ، مشینری اور گاڑیاں تعینات کی جائیں تاکہ صفائی کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھا کر مناسب طریقے سے تلف کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گلیوں اور کھلی جگہوں پر آلائشیں جمع نہ ہونے پائیں۔ اس مقصد کے لیے یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر سے آلائشیں اٹھانے کے لیے سخت شیڈول پر عمل درآمد کی ہدایت بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کلیکشن پوائنٹس اور ڈمپنگ سائٹس پر جراثیم کش ادویات اور چونے کا باقاعدہ چھڑکاؤ لازمی ہوگا تاکہ بدبو، جراثیم اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ مزید یہ کہ ڈمپنگ سائٹس کو سائنسی طریقہ کار کے مطابق منظم کیا جائے گا۔

فیلڈ آپریشنز کی مؤثر نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے اور افسران کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر متحرک رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مرکزی شکایتی نظام فعال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے کہا کہ تمام اقدامات سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے باہمی تعاون سے کیے جائیں گے تاکہ عید کے موقع پر صفائی کا مؤثر نظام یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version