کراچی میں واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں غیر قانونی آر او پلانٹ اور پانی چوری کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔
نارتھ کراچی 4K چورنگی پر بجلی و پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شدید احتجاج، ٹریفک نظام درہم برہم
ترجمان کے مطابق کارروائی ڈی-71 بلاک بی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں زیرِ زمین پانی چوری کرکے غیر قانونی طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا۔ آپریشن کے دوران دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مرکزی ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق کارروائی سب سوائل مینجمنٹ ٹیم اور واٹر کارپوریشن پولیس کی مشترکہ کوششوں سے عمل میں لائی گئی، جس کے دوران غیر قانونی آر او پلانٹ کو سیل کردیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ شہر بھر میں پانی چوری اور غیر قانونی بورنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر جاری اس مہم کا مقصد شہریوں کو ان کا حقِ آب شفاف انداز میں فراہم کرنا اور پانی کی غیر قانونی فروخت و ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی سب سوائل نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر شہریوں نے بھی اطمینان اور خیر مقدم کا اظہار کیا ہے۔

