کراچی کے علاقے نارتھ کراچی 4K چورنگی پر بجلی اور پانی کی طویل بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر موجود ہے، جبکہ احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بھی شرکت کی اطلاع ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث روزانہ کی بنیاد پر کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے۔ شہریوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش کے نتیجے میں پانی کی شدید قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
احتجاجی مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک بجلی اور پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ہے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑیوں کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے اور مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ صورتحال کو پرامن طریقے سے کنٹرول کیا جا سکے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک میں ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

