کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیراعلیٰ ہاؤس پبلک کمپلینٹ سیل کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں روزانہ کی بنیاد پر صوبائی وزرا اور کابینہ اراکین شہریوں کے مسائل سنتے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرتے ہیں۔
کراچی میں ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کی بڑی کارروائی، ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، کروڑوں روپے برآمد
آج صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ کمپلینٹ سیل میں موجود رہے، جہاں انہوں نے براہ راست فون کالز کے ذریعے شہریوں کی شکایات سنیں۔ عوام نے تعلیم، صحت، بلدیات اور دیگر سرکاری اداروں سے متعلق اپنے مسائل وزیر تعلیم کے سامنے رکھے۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کو فون پر ہدایات جاری کرتے ہوئے شہری شکایات کے فوری ازالے کے احکامات دیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کی بہتری حکومت کا بنیادی ہدف ہے اور تعلیم ہی ملک کی پائیدار ترقی کا واحد ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے صحت اور روزمرہ زندگی سے متعلق مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پبلک کمپلینٹ سیل (919) مکمل طور پر فعال ہے، جہاں عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وزرا، مشیران اور معاون خصوصی روزانہ کی بنیاد پر موجود ہوتے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یکم اپریل سے صوبائی وزرا کو کمپلینٹ سیل میں عوامی مسائل سننے کی ذمہ داری دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
کمپلیٹ سیل کے لیے ٹول فری نمبر 080091915 سمیت 02199202047، 02199207349 اور 02199207568 بھی فعال ہیں جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

