Site icon Tashakur News

کراچی میں ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کی بڑی کارروائی، ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، کروڑوں روپے برآمد

WhatsApp Image 2026 05 15 at 7.30.06 PM

کراچی میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی بڑی کارروائیاں، گٹکا ماوا فروشوں اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے ایچ ٹی سی کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔ اہلکاروں نے کوہ نور اسکوائر، کیمبل روڈ کراچی میں واقع ایک ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارا، جہاں ابتدائی جانچ کے دوران موبائل فونز سے ہنڈی حوالہ سے متعلق اہم شواہد حاصل ہوئے۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے امریکی ڈالرز برآمد ہوئے، جس کی نشاندہی پر سول لائنز کراچی میں واقع ایک رہائشی فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

مزید کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں نقد رقم اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ ایف آئی اے کے مطابق مجموعی طور پر 3 کروڑ 38 لاکھ 73 ہزار روپے نقدی اور مختلف ممالک کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، جس کی مالیت 40 لاکھ 83 ہزار 769 روپے بتائی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر برآمد ہونے والی رقم اور شواہد کی کل مالیت 3 کروڑ 79 لاکھ 56 ہزار 769 روپے بنتی ہے۔ تمام رقم اور شواہد کو قانونی ضابطے کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ (FERA) کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورکس اور معیشت دشمن عناصر کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن مزید سخت کردیا گیا ہے۔

Exit mobile version