امریکی وزیر خارجہ Marco Rubio نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ چین خلیجی صورتحال پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایران کو موجودہ اقدامات سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ کرے۔
قطر سے ایل این جی لانے والا دوسرا جہاز آبنائے ہرمز عبور کرکے کراچی پہنچ گیا
ایک انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ خطے میں جاری بحران کے حل میں کردار ادا کرنا چین کے اپنے مفاد میں بھی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز میں چینی بحری جہاز بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کو ایران پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ خلیج میں کشیدگی کم ہو سکے اور بین الاقوامی بحری تجارت معمول کے مطابق جاری رہ سکے۔
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے، جہاں جاری صورتحال سے دنیا کے کئی ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور چین اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
امریکی حکام کے مطابق عالمی تجارتی راستوں کو محفوظ اور کھلا رکھنا بین الاقوامی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ خلیجی کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

