لاہور / پشاور / کراچی: ملک کے تین بڑے شہروں میں گورنر ہاؤسز میں صدارتی سول اعزازات کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز، تمغۂ شجاعت اور صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
KARACHI NEWS | SBCA Ka Bara Faisla Tranfer, Posting Aur Suspensions | Digital System Launch
لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ایوانِ گورنر میں منعقدہ تقریب کے دوران 81 شخصیات کو اعزازات دیے۔ ان میں گلوکارہ حدیقہ کیانی، اداکارہ ثمینہ پیرزادہ، ثنا میر، عرفان علی کھوسٹ، حمیرا ارشد، سائرہ نسیم، سلیمہ ہاشمی، ذوالقرنین حیدر اور دیگر نمایاں شخصیات شامل تھیں۔
صحافت کے شعبے میں محمد ارشد انصاری، سارا بلال، بینش سلیم اور دیگر صحافیوں کو تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ فنونِ لطیفہ، ادب، تعلیم اور موسیقی کے شعبوں میں بھی متعدد افراد کو قومی اعزازات دیے گئے۔
لاہور کی تقریب میں غیر ملکی سفارتی نمائندوں سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سول و عسکری حکام اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 33 شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا، جن میں ثنا میر (کھیل)، ضیاءالحق سرحدی (صحافت) اور ریحان زیب (بعد از وفات) شامل ہیں۔ دیگر شخصیات کو ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز اور تمغۂ شجاعت سے نوازا گیا۔
اسی طرح کراچی میں گورنر ہاؤس میں بھی تقریب منعقد ہوئی، جہاں 12 شخصیات کو ستارۂ امتیاز، ایک کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور 13 افراد کو تمغۂ امتیاز دیا گیا۔ انجینئر رخسانہ زبیری، فضیلہ قاضی، سویرا ندیم، پروفیسر مجیب الدین میمن سمیت متعدد شخصیات کو اعزازات دیے گئے۔
تقریبات میں گورنرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اعزازات دراصل ان شخصیات کی خدمات کا اعتراف ہیں جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں ملک و قوم کا نام روشن کیا۔

