کراچی: ضلع جنوبی کے علاقوں کھارادر اور میٹھادر میں تجاوزات کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 100 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ غیر قانونی سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
کراچی میں مذہبی کانفرنس کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار، 300 پولیس اہلکار تعینات
انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا فیصلہ علاقہ مکینوں کی مسلسل شکایات کے بعد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار نے بتایا کہ کھارادر کے ایک سو سے زائد رہائشی تجاوزات کے خلاف شکایات لے کر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ آفس پہنچے تھے، جس کے بعد شہریوں کی مشاورت سے گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا، خصوصاً کھارادر اور میٹھادر میں تجاوزات اس حد تک بڑھ چکی تھیں کہ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ آپریشن کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی اسٹالز اور تجاوزات کو ختم کیا گیا جبکہ متعدد دکانوں کو ضابطے کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر حاظم بھنگوار کا کہنا تھا کہ یہ ایک منفرد نوعیت کا آپریشن تھا جس میں علاقہ مکینوں نے خود نگرانی کی اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے شہریوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی شمولیت سے ریاستی اداروں کو مؤثر کارروائی میں مدد ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

